نئی دہلی،14؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان میں کورونا وائرس کے81 سے زائد کیس سامنے آنے اور کلبرگی کے بعد دہلی میں 69سالہ خاتون کی موت سے لوگوں میں جہاں گھبراہٹ کا ماحول ہے وہیں مختلف ریاستوں میں جنگی پیمانے پر اس سے لڑنے کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔
ریاستی حکومتوں نے سخت فیصلے لینے شروع کر دیئے ہیں، جس میں اسکول کالج بند کرنے سے لے کر عوامی پروگراموں پر روک لگانے تک کے اقدامات کئے گئے ہیں -یوپی، بہار، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، کرناٹک، دہلی ان ریاستوں میں شامل ہیں، جنہوں نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے یہ فیصلہ لیا ہے-
دہلی کی کجریوال حکومت نے کورونا کو وبا قرار دے دیا ہے-اس کے ساتھ ہی احتیاطی قدم اٹھاتے ہوئے سرکاری اور نجی اسکولوں اور کالجوں کو 31 مارچ تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے-
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال، لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل اور اعلیٰ سرکاری حکام کی اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا-اس میٹنگ میں سینما گھروں کو بھی پورے مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے-کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کے پیش نظر صدارتی محل کو احتیاطی طور پر جمعہ سے عام عوام کے لئے بند کیا جا رہا ہے- دارالحکومت کی دہلی یونیورسٹی، جے این یو اور آئی آئی ٹی میں بھی کلاسیں نہیں لی جائیں گی-دہلی حکومت نے ساتھ ہی غلط معلومات پھیلانے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنے پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی-
سی ایم نتیش کمار نے جمعہ کو اعلیٰ سطحی میٹنگ کی-میٹنگ میں 31 مارچ تک تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکول-کالج اور کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اگرچہ، سی بی ایس ای کی 10 ویں اور 12 ویں کے امتحانات جاری رہیں گے-
ہندوستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد جمعہ تک 81 تک پہنچ گئی ہے- وزارت صحت کے مطابق اس میں 64، اٹلی کے 16، اور کناڈا کا ایک شخص شامل ہے- سنگین حالات کو دیکھتے ہوئے ایئر انڈیا نے جمعہ کو اٹلی، فرانس، جرمنی، اسپین، جنوبی کوریا اور سری لنکا کی اڑانیں 30/اپریل تک رد کرنے کا فیصلہ لیا ہے-
حالانکہ ایران میں پھنسے ہندوستانیوں کو لانے کیلئے طیارہ بھیجا جائے گا- جہاں اب بھی 300 ہندوستانی پھنسے ہوئے ہیں -حالانکہ ایئر انڈیا ایران سے 44 ہندوستانیوں کو لے کر جمعہ کوممبئی پہنچا- ان سبھی لوگوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے- ایران کے مختلف مقامات پر 6/ہزار سے زیادہ ہندوستانی باشندگان پھنسے ہوئے ہیں - سرکار انہیں واپس لانے کی کوشش کررہی ہے- ساتھ ہی ہند-بنگلہ دیش کیلئے ٹرین اور بس کی خدمات معطل کردی گئی ہے-مڈ ڈے میل کا پیسہ ڈی این ٹی کے ذریعے بچوں کے والدین کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوں گے-اس کے علاوہ تمام آگن باڑی مرکز بھی بند ہوں گے،ریاست میں تمام سنیما ہال بھی بند رہیں گے،بڑے ہال کی بکنگ31/ مارچ تک نہیں ہوگی-
بہار میں ابھی تک 142 لوگ مشتبہ پائے گئے، جس سے 73؍ کو ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ہسپتال میں آئی سی یو اور وینٹی لیٹر کی تعداد بڑھائی جارہی ہے۔ کرناٹک میں مال، تھیٹر، نائٹ کلب، پب اور سوئمنگ پول پر اگلے ہفتے تک روک لگادی گئی ہے۔ اس دوران شادی کی تقریب اور موسم گرما میں کیمپس کے انعقاد کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے علاوہ تمام سرکاری ڈاکٹروں اور صحت کے حکام کی تعطیلات منسوخ کردی گئی ہیں۔ کرناٹک کے کلبرگی میں کورونا وائرس سے ایک بزرگ شخص کی موت ہوگئی ہے۔ یہ ہندوستان میں کورونا سے موت کا پہلا معاملہ ہے۔